نئی دہلی، 28؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کیوبا کے انقلابی رہنما فیڈل کاسترو کی آخری رسوم کے دوران ہندوستانی وفد کی قیادت کریں گے۔وفد میں کانگریس، سی پی ایم، سی پی آئی اور سماجوادی پارٹی سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں کو شامل کئے جانے کا امکان ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ وفد کل ہوانا کے لیے روانہ ہوگا اور اس کے یہاں جمعرات کی شام تک واپس آنے کا امکان ہے۔پی ایم او وفد میں شامل کئے جانے والے ارکان کو لے کر وزارت خارجہ اوروزارت داخلہ کے ساتھ بات چیت کر کے خاکہ تیار کر رہا ہے۔کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں دو دن کی دعا ئیہ تقریب کے بعد کاسترو کی جسد خاکی کو بدھ سے چار دن تک ملک بھر میں لے جایا جائے گا۔4 ؍دسمبر کوکیوبا کے جنوب مشرقی شہر سینٹیاگو ڈی میں ان کی آخری رسومات اداکی جائے گی ۔تقریباََ50سال کے اپنے دورِاقتدار کے دوران امریکہ کونظراندازکرنے والے کاستروکا25؍نومبرکو90سال کی عمر میں انتقال ہو گیاتھا ۔